سیئول، 27/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) جنوبی کوریا میں ریکارڈ برفباری نے معمولات زندگی کو مکمل طور پر متاثر کر دیا، جس کے نتیجے میں شہری اپنے گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے اور روزمرہ کی سرگرمیاں مفلوج ہو گئیں۔ برفباری نے سڑکوں کو بھی بند کر دیا، جس سے سفر میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا کے دارالحکومت میں 1907 کے بعد ریکارڈ برفباری سے نظام زندگی معطل ہوکر رہ گیا۔ اب تک 18 انچ برف پڑ چکی ہے۔
خراب موسم کے باعث 200 سے زائد پروازیں اور 70 فیری سروسز معطل ہو گئیں۔ کئی عمارتیں گر گئیں جب کہ ٹریفک حادثات میں 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
اسپتالوں اور شہری اداروں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے۔ ہائی ویز پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔
دارالحکومت میں تمام حکومتی اجلاس اور ثقافتی پروگرام منسوخ کردیے گئے۔ محکہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دو روز موسم خراب رہے گا۔